اے جذبۂ دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آ جائے

اے جذبۂ دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آ جائے
منزل کے لیے دو گام چلوں اور سامنے منزل آ جائے
اے دل کی خلش چل یونہی سہی چلتا تو ہُوں انکی محفل میں
اُس وقت مجھے چونکا دینا جب رنگ پہ محفل آ جائے
اے رہبرِ کامل چلنے کا تیار ہوں میں پر یاد رہے
اُس وقت مجھے بھٹکا دینا جب سامنے منزل آ جائے
ہاں یاد مُجھے تم کر لینا آواز مجھے تم دے لینا
اس راہِ محبت میں کوئی درپیش جو مُشکل آ جائے
اب کیوں ڈھونڈوں گا چشمِ کرم، ہونے دے سِتم بالائے ستم
میں چاہوں تو اے جذبۂ غم، مشکل پسِ مشکل آ جائے

آئے تھے ان کے ساتھ نظارے چلے گئے

آئے تھے ان کے ساتھ نظارے چلے گئے
وہ شب وہ چاندنی وہ ستارے چلے گئے
شاید تمہارے ساتھ بھی واپس نہ آ سکیں
وہ ولولے جو ساتھ تمہارے چلے گئے
ہر آستاں اگرچہ ترا آستاں نہ تھا
ہر آستاں پہ تجھ کو پکارے چلے گئے
شام وصال خانہ غربت سے روٹھ کر
تم کیا گئے نصیب ہمارے چلے گئے
دیکھا تو پھر وہیں تھے چلے تھے جہاں سے ہم
کشتی کے ساتھ ساتھ کنارے چلے گئے
جاتے ہی ان کے سیف شب غم نے آ لیا
رخصت ہوا وہ چاند ستارے چلے گئے

ہرشخص پریشان سا حیراں سا لگے ہے

ہرشخص پریشان سا حیراں سا لگے ہے
سائے کو بھی دیکھوں تو گریزاں سا لگے ہے
کیا آس تھی دل کو کہ ابھی تک نہیں ٹوٹی
جھونکا بھی ہوا کا ہمیں مہماں سا لگے ہے
خوشبو کا یہ انداز بہاروں میں نہیں تھا
پردے میں صبا کے کوئی ارماں سا لگے ہے
سونپی گئی ہر دولتِ بیدار اسی کو
یہ دل جو ہمیں آج بھی ناداں سا لگے ہے
آنچل کا جو تھا رنگ وہ پلکوں پہ رچا ہے
صحرا میری آنکھوں کو گلستاں سا لگے ہے
پندار نے ہر بار نیا دیپ جلایا
جو چوٹ بھی کھائی ہے وہ احساں سا لگے ہے
ہر عہد نے لکھی ہے میرے غم کی کہانی
ہر شہر میرے خواب کا عنواں سا لگے ہے
تجھ کو بھی ادا جراتِ گفتار ملی ہے
تو بھی تو مجھے حرفِ پریشاں سا لگے ہے